
نازی پروپیگنڈا اور سنسرشپ
نازی چاہتے تھے کہ جرمن نازی آمریت کی حمایت کریں اور نازی نظریات پر یقین رکھیں۔ اس ہدف کی تکمیل کے لئے، انہوں نے سنسرشپ اور پروپیگنڈا کے ذریعے مواصلاتی صورتوں کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی۔ اس میں اخبارات، میگزینز، کتابوں، آرٹ تھیٹر، موسیقی، فلمیں، اور ریڈیو پر کنٹرول کرنا شامل ہے۔
نازیوں نے سنسرشپ کو کیسے استعمال کیا؟
جب 1933 میں نازیوں نے اقتدار سنبھالا، جرمنی کا آئین اظہار کی آزادی اور پریس کی آزادی کی ضمانت دیتا تھا۔ فرمانوں اور قوانین کے ذریعے نازیوں نے ان شہری حقوق کو ختم کر دیا اور جرمن جمہوریت کو تباہ کر دیا۔ 1934 سے، نازی حکومت پر تنقید کرنا غیر قانونی قرار دیے جانے کا آغاز ہوا۔ حتیٰ کہ ہٹلر کے بارے میں کوئی لطیفہ سنانا بھی غداری سمجھا جاتا تھا۔ نازی جرمنی میں افراد اپنی مرضی سے کچھ بھی کہہ یا تحریر نہیں کر سکتے تھے۔
نازیوں کے تحت سنسرشپ کی مثالوں میں درج ذیل شامل تھیں:
- نازی مخالف اخبارات کو بند کرنا یا ان پر قبضہ کرنا؛
- اخبارات میں، ریڈیو پر، اور نیوز ریلز میں پیش ہونے والی خبروں کو کنٹرول کرنا؛
- ان کتابوں پر پابندی لگانا اور جلانا جنہیں نازیوں نے غیر جرمن قرار دیا تھا۔
- دوسری جنگ عظیم کے دوران سپاہیوں نے اپنے گھر والوں کے لیے جو خطوط تحریر کئے اس پر کنٹرول کرنا۔
نازیوں نے پروپیگنڈا کو کیسے استعمال کیا؟
نازیوں نے اپنے تصورات اور عقائد کو فروغ دینے کے لئے پروپیگنڈا استعمال کیا۔ مارچ 1933 کے آغاز سے، حکومت نے جوزف گوئبلز کی قیادت میں ایک نئی وزارت میں اپنی پروپیگنڈا کوششوں کو مرکزیت دینے کی کوشش کی۔ اس وزارت کو روشن خیالی اور پروپیگنڈا کی ریخ کی وزارت کہا جاتا تھا۔
نازی تصورات کو پھیلانے کے لئے نازیوں نے مختلف قسم کے پروپیگنڈا ٹولز استعمال کئے تھے۔ نازیوں کے تحت پروپیگنڈا کی مثالوں میں درج ذیل شامل ہیں:
- پوسٹ کارڈز، پوسٹرز اور پریس میں ایڈولف ہٹلر کی تصویر استعمال کر کے اس کی عظمت بیان کرنا؛
- رسالوں، فلموں، کارٹونوں اور دیگر ذرائع ابلاغ میں یہودیوں کے بارے میں منفی تصاویر اور خیالات پھیلانا؛
- ریڈیو کو مزید سستا بنانا تاکہ زیادہ جرمن نازی خیالات اور خبریں سن سکیں؛
- ریڈیو اور عوامی لاؤڈ اسپیکروں پر نازی تقاریر نشرکرنا؛
- نازی پارٹی کی بڑی اور جشن منانے والی ریلیوں کا انعقاد؛
- ہٹلر یوتھ اور لیگ آف جرمن گرلز جیسے گروپ بنانا، جنہوں نے نازی نظریات کو فروغ دیا۔
پروپیگنڈا اور سنسرشپ نے اکٹھے مل کر کیسے کام کیا؟
نازی دور حکومت میں پروپیگنڈا اور سنسرشپ نے اکٹھے مل کر کیسے کام کیا، اس کی عمدہ مثال نصاب کی کتابیں ہیں۔ طلباء اسکول میں جو کچھ پڑھتے تھے اس کو کنٹرول کرنے کے لئے نازیوں نے پروپیگنڈا اور سنسرشپ دونوں کو استعمال کیا۔ نازی سنسرز نے بعض کتابیں کمرہ جماعت سے ہٹا دیں۔ نئی نصابی کتابوں میں طلباء کو نازی پارٹی کی اطاعت، ہٹلر سے محبت اور یہودیوں سے نفرت کرنا سکھایا گیا۔