موشے گانی
پیدا ہوا: 1913
پریویزا, یونان
موشے کے گھر والے رومانیوٹ یہودی تھے۔ یہ 1،100 سالوں سے یونان کے شہروں اور بالکن علاقے میں رہ رہے تھے۔ 1920 کی دہائی کی ابتدا میں، موشے کے گھر والے اٹلی چلے گئے، جہاں ان کے والد نے ملازمت تلاش کرنے کی کوشش کی۔ موشے اسکول جانے لگے اور دو سال کے بعد جب ان کے گھر والے واپس یونان چلے گئے، وہ اپنی تعلیم مکمل کرنے کے لئے اٹلی میں رہ گئے۔ جب موشے 17 سال کی عمر میں پریویزا واپس آئے، وہ یونانی زبان بھول چکے تھے۔
1933-39: موشے پریویزا کی مقامی بجلی کمپنی میں اکاؤنٹنٹ اور ناظم کی حیثیت سے کام کرتے تھے اور اپنے والدین کے ساتھ رہتے تھے۔ موشے کو بحیرہ آئیونین کے ساحل پر پکنک منانا بہت پسند تھا۔ بعض اوقات وہ اپنے چھوٹے بھائیوں اور بہنوں کو بھی ساتھ لے جاتے تھے۔
1940-44: جرمنوں نے 1941 میں یونان پر حملہ کیا اور 1943 کے موسم خزاں میں پریویزا کے علاقے پر قبضہ کر لیا۔ مارچ 1944 میں پریویزا کے یہودیوں کو جلاوطن کر کے آشوٹز بھیج دیا گيا۔ وہاں موشے کو برکناؤ کے سونڈرکمانڈو کے کام پر مامور کیا گیا، یہ کام کا ایک یونٹ تھا جس کی ذمہ داری لاشوں کو لاش بھٹی تک لے جانا تھا۔ 7 اکتوبر 1944 کو لاش بھٹی چار میں کام کرنے والے سونڈرکمانڈو کے کارکنان نے بغاوت کر دی،ایک نگران کو ماردیا، ایس ایس گارڈ سے ان کا اسلحہ چھین لیا اور لاش بھٹی کو دھماکے سے اڑادیا۔ کچھ ہی دیر میں سونڈرکمانڈو کے دوسرے کارکن، جن میں موشے بھی شامل تھے، بغاوت میں شامل ہو گئے۔
موشے اکتوبر 1944 میں برکناؤ میں مارے گئے۔ ان کی عمر 31 سال تھی۔