للی ایپلبوم مالنک

للی ایپلبوم مالنک

پیدا ہوا: 5 نومبر، 1928

اینٹورپ, بیلجیم

للی کے یہودی والدین اس کی پیدائش سے پہلے ہی ایک دوسرے سے الگ ہو گئے تھے۔ اس کی والدہ نقل مکانی کر کے برسلز آ گئی تھیں جہاں انہوں نے رین کوٹ تیار کرنے والا ایک کارخانہ چلایا۔ وہ اکیلے اپنے تین بچوں کی پرورش نہيں کر سکیں۔ للی سب سے چھوٹی بچی تھی۔ وہ اینٹورپ میں رہی اور اس کی پرورش اس کے دادا دادی نے اینٹورپ کے ڈائمنڈ ڈسٹرکٹ کے قریب ایک یہودی محلے میں واقع ایک اپارٹمنٹ میں کی۔

1933-39: میرے دادا موچی تھے اور ہمارے اپارٹمنٹ کے باہر کام کیا کرتے تھے۔ گاہک اپنے پیروں کا ناپ دینے کیلئے ہمارے گھر آتے تھے۔ ہم غریب لوگ تھے، اسلئے کسی نجی یہودی اسکول کے بجائے میں سرکاری اسکول جایا کرتی تھی۔ جب 1939 میں میری دادی انتقال کر گئیں تو میں اپنی والدہ کے ساتھ رہنے کیلئے برسلز چلی گئی۔ اسکول کے بعد کارخانے میں رین کوٹ تیار کرنے میں اپنی والدہ کی مدد کیا کرتی تھی۔ 10 مئی 1940 کو جرمنوں نے مغرب کی طرف سے حملہ کیا اور جمعہ 17 مئی 1940 کو جرمن افواج برسلز میں داخل ہو گئیں۔

1940-44: مجھے 1944 میں آش وٹز جلاوطن کر دیا گيا۔ میری خوش قسمتی تھی کہ میں کیمپ کے ایک باورچی خانے میں کام کرتی تھی۔ ہنگری کی بھوکی یہودی عورتوں اور بچوں کا ایک گروپ پہنچا— ان کو دوسرے دن ہلاک کر دیا جانا تھا۔ اسلئے اس رات ان کو کھانا نہیں کھلایا گیا۔ میں نے ان کی بیرکوں تک چپکے سے آلو لے جانے کا فیصلہ کیا۔ جیسے ہی میں نے اندھیرے میں کھانا نکالا، ایک افراتفری شروع ہو گئی۔ اچانک چکا چوند کرنے والی روشنی پھیل گئی۔ بیرک کی لیڈر بہت ‏غصے میں اندر آئی " میں تم کو مجرم ٹھہرا سکتی ہوں! تم کو گولی ماری جا سکتی ہے!" وہ مجھ پر چیخی۔ پھر اس نے آرام سے کہا "اپنی بیرکوں میں واپس جاؤ"۔ اگلے دن ہنگری کے اُن لوگوں کو گیس کے ذریعے ہلاک کر دیا گیا۔

للی برجن-بلسن کیمپ کی جانب جبری مارچ سے زندہ بچ گئی اور وہاں 15 اپریل 1945 کو اسے آزاد کر دیا گیا۔ 1946 میں وہ برسلز لوٹ آئی اور پھر امریکہ آ کر آباد ہو گئی۔

Thank you for supporting our work

We would like to thank Crown Family Philanthropies and the Abe and Ida Cooper Foundation for supporting the ongoing work to create content and resources for the Holocaust Encyclopedia. View the list of all donors.